الوقت - پاکستان نے ہندوستان کے ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کو وزارت خارجہ میں طلب کرکے کنٹرول لائن کے كیرالہ سیکٹر پر بلا اشتعال فائرنگ اور معصوم شہری کی ہلاکت پر اعتراض کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق، وزارت خارجہ کے ایک سینئر افسر نے ہندوستان کے ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کو احتجاجی مراسلہ دیا۔ احتجاج مراسلے میں ہندوستان سے کہا گیا ہے کہ وہ کنٹرول لائن کے آس پاس رہنے والے معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے سے پرہیز کرے۔
پاکستان کی وزارت خارجہ نے ہندوستان کی جانب سے فائرنگ اور ہندوستان کے زیر کنٹرول کشمیر میں جاری ریاستی دہشت گردی کو نسل کشی قرار دیتے ہوئے کنٹرول لائن کی خلاف ورزیوں کو مسئلہ کشمیر سے توجہ ہٹانے کی کوشش قرار دیا۔
واضح رہے کہ پاکستان نے دعوی کیا ہے کہ ہندوستان نے کنٹرول لائن کے كیرالہ سیکٹر میں کئی بار جنگ بندی کی خلاف ورزی کی جس میں ایک پاکستانی شہری ہلاک اور دو خواتین اور بچوں سمیت پانچ افراد زخمی ہو گئے تھے۔
دوسری جانب ہندوستان نے بھی دعوی کیا کہ پاکستان نے بلا اشتعال فائرنگ کرکے جنگ بندی کی خلاف ورزی کی ہے۔ ہندوستان اور پاکستان دونوں ہی ایک دوسرے پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کا الزام عائد کرتے ہیں۔