الوقت - پاکستان نے ایک بار پھرہندوستانی فوج پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا ہے۔
پاکستان کی وزارت خارجہ کے ترجمان نفیس زکریا نے ٹویٹ کیا کہ ایل او سی پر كیرالہ سیکٹر میں ہندوستانی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ میں ایک 28 سالہ عبدالرحمن ہلاک جبکہ 17 سالہ محمد احسان زخمی ہو گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ہندوستانی فوج کی فائرنگ میں ایک شخص ہلاک اور دو خواتین اور دو بچوں سمیت پانچ دیگر زخمی ہوئے ہیں۔
اپنے پہلے ٹویٹ میں ان کا کہنا تھا کہ ہندوستان نے ایک بار پھر 19 اکتوبر کی رات ایل او سی پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کی۔ اپنے دوسرے ٹویٹ میں ان کا کہنا تھا کہ ہندوستان نے ایک ہی دن میں دوسری بار چار بجے كیرالہ سیکٹر میں جنگ بندی کی خلاف ورزی کی جس کا پاکستانی فوج نے بھرپور جواب دیا۔
تقریبا دو گھنٹے بعد ایک اور ٹویٹ میں ان کا کہنا تھا کہ ہندوستانی فوج کی لائن آف کنٹرول پر بلا اشتعال فائرنگ سے تین اور گیارہ سال کے دو بچے زخمی ہو گئے جنہیں فوری طور پر اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ رات نو بجے انہوں نے ایک اور ٹویٹ کیا اور کہا کہ ہندوستانی فوج کی جانب سے گولہ باری کا سلسلہ اب تک جاری ہے جس میں دو خواتین زخمی ہوئی ہیں۔
پاکستان کی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان پر ہندوستان کی جانب سے سرکاری طور پر اب تک کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔