الوقت - عراق کے وزیر اعظم حیدر العبادی نے سعودیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہوشیار رہو داعش کا اگلا ہدف تم ہی ہو۔
عراقی وزیر اعظم نے کچھ پڑوسی ممالک کے سفیروں کے ساتھ ملاقات میں کہا ہے کہ داعش کو سعودی عرب بہت پسند ہے اور ان کا اگلا ہدف بھی وہیں ہے۔
عراق کے وزیر اعظم نے بعض عرب ممالک بالخصوص خلیج فارس تعاون کونسل کے رکن ممالک کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ داعش کی دھمکیوں کے بارے میں آگاہ رہو۔ انہوں نے کہا کہ تمہارے ممالک پر داعش کی نگاہیں لگی ہوئی ہیں۔
حیدر العبادی نے ترکی کے سیاستدانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عراق کی سرزمین میں ترکی کے فوجیوں کی موجودگی کوئی اچھا اشارہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسی کے ساتھ ترک رہنماؤں کے دباؤ میں اضافے کے بیانات بھی درست نہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عراقی حکام شروع سے ہی پڑوسی ممالک کے ساتھ دوستانہ تعلقات کے حمایتی رہے ہیں جس کی وجہ سے وہ ہر طرح کے اختلافات کے حل کے لئے کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دوستانہ تعلقات کے لئے باہمی تعاون ضروری ہوتا ہے۔
عراقی وزیر اعظم نے ترکی کے حکام کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ عراقی ڈکٹیٹر صدام جیسی غلطی کرنے سے پرہیز کریں جو ایک سانحہ کے بعد دوسرے سانحہ کا سبب بنا۔
قابل ذکر ہے کہ ترکی کے وزیر اعظم نے اپنے پیر کے بیان میں کہا تھا کہ یہ ممکن نہیں ہے کہ موصل کی آزادی کی مہم میں ترکی کے فوجی شریک نہ ہوں۔ ان کے اس بیان سے عراق اور ترکی کے تعلقات میں مزید کشیدہ ہو گئے ہیں۔
اسی درمیان عراق کی کرد پيشمرگہ فورس کے کمانڈر ہیلگور حکمت نے زور دے کر کہا ہے کہ شمالی عراق میں غیر عراقی فوجیوں کو نشانہ بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ موصل کی آزادی کے لئے چلائے جانے والے آپریشن میں صرف وہ ہی فوجی شرکت کر سکتے ہیں جنہیں اجازت حاصل ہے۔