الوقت - عراق کے صوبہ نینوا میں داعش کے دہشت گردوں کے خلاف عوام نے علم بغاوت بلند کر دیا ہے۔
العالم ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق عراق کے صوبہ نینوا کے کچھ علاقوں میں عوام نے داعش کے ٹھکانوں پر حملے شروع کر دیے ہیں۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق صوبہ نینوا کے القیارہ علاقے کے لوگوں نے جمعرات کی رات داعش کے کچھ ٹینکوں میں آگ لگا دی اور پاس کھڑی داعش کے دو گاڑیوں کو بھی جلا کر راکھ کر دیا۔
اس واقعہ کے بعد مقامی لوگوں اور داعش کے درمیان جھڑپیں ہوئیں جن میں دونوں جانب سے لوگوں کے مارے جانے کی اطلاع ہے۔ اس واقعہ کے بعد سے داعش کے دہشت گردوں کے درمیان خوف و ہراس کا ماحول ہے اور وہ اس واقعہ کو اپنے لئے خطرے کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ داعشی اس علاقے کو چھوڑ کر فرار کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ داعش کے زیر کنٹرول علاقوں میں اب اس دہشت گرد گروہ کے خلاف تیزی سے آوازیں اٹھنے لگی ہیں اور کئی مقامات پر لوگوں نے داعش کے خلاف حملے کئے ہیں۔