الوقت - پرتگال کے سابق وزیر اعظم انٹونیو گیٹوریس اقوام متحدہ کے نئے سکریٹری جنرل منتخب ہو گئے ہیں۔ انٹونیو گیٹورس یکم جنوری 2017 سے اپنا عہدہ سنبھالیں گے۔ موجودہ سکریٹری جنرل بان کی مون کا پانچ سال کا دوسرا دور یکم جنوری 2017 کو ختم ہو رہا ہے۔
اجلاس میں انٹونیو کو اقوام متحدہ کا 9 واں جنرل سکریٹری منتخب کیا گیا۔ 67 سالہ گیٹوریس گزشتہ دسمبرکے مہینے تک اقوام متحدہ کی پناہ گزین ایجنسی کے سربراہ رہے ہیں ۔ اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل کے عہدے کے لئے سات خواتین سمیت مجموعی طور پر 13 امیدوار میدان میں تھے۔ 193 ارکان پر مشتمل اقوام متحدہ نے اس عہدے کے لئے انٹونیو کے نام پر مہر لگائی۔
پرتگال کے دارالحکومت لسبن میں پیدا ہوئے انٹونیو کا سیاسی کیریئر 1974 میں شروع ہوا، جب انہوں نے سوشلسٹ پارٹی جوائن کی۔ 1992 میں انٹونیو سوشلسٹ پارٹی کے جنرل سکریٹری اور اپوزیشن کے لیڈر بنے۔
1995 میں ہوئے عام انتخابات میں سوشلسٹ پارٹی کامیاب رہی اور انٹونیو پرتگال کے وزیر اعظم بنے۔ انٹونیو اپنے جانشینوں سے الگ ہٹ کر کام کرنے کی روش کی وجہ سے اپنی حکومت کے پہلے سال میں ہی مشہور وزیر اعظم بن گئے۔
انٹونیو کا خیال ہے کہ معاشرے کے تمام طبقات سے گفتگو کی ضرورت ہے۔ انٹونیو 1999 میں دوبارہ وزیر اعظم منتخب ہوئے تاہم ان کا دوسرا دور اتنا کامیاب نہیں رہا۔ سوشلسٹ پارٹی کے داخلی اختلاف اور خستہ اقتصادی صورتحال کی وجہ سے ان کی مقبولیت کم ہوتی گئی۔
دسمبر 2001 میں مقامی بلدیاتی انتخابات میں سوشلسٹ پارٹی کی خراب کارکردگی کے بعد انٹونیو نے وزارت عظمی سے استعفی دے دیا۔ مئی 2005 میں انٹونیو اقوام متحدہ کی پناہ گزین ایجنسی کے سربراہ مقرر کئے گئے۔