الوقت - اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف اور روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے بحران شام کے خاتمے کے لئے پھر سے بین الاقوامی کوشش شروع کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
محمد جواد ظریف اور سرگئی لاوروف نے منگل کو شام کی موجودہ صورت حال کے بارے میں ٹیلیفونی گفتگو کی اور دونوں رہنماؤں نے اس بات پر تاکید کی کہ بحران شام صرف سفارتی طریقوں سے حل ہو سکتا ہے۔
اس سے پہلے رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای کے سیاسی مشیر علی اکبر ولایتی نے کہا کہ ایران اور روس کو چاہیے کہ علاقائی اور بین الاقوامی مسائل اور خاص طور پر شام کے بحران کے بارے میں اپنے اسٹرٹیجک تعاون میں اضافہ کریں۔
در ایں اثنا ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی نے شام کے بحران کو حل کرنے کی کوششوں میں امریکا اور سعودی عرب کی جانب سے مسلسل رکاوٹیں کھڑی کئے جانے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ کچھ ممالک ہیں جو چاہتے ہی نہیں کہ بحران شام سیاسی طریقوں سے حل ہو جائے۔