الوقت - بنگلہ دیش سے ملی میانمار کی سرحد کی چیک پوسٹ پر مسلح افراد کے حملے میں 9 پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق میانمار کے حکام کا کہنا تھا کہ مسلح افراد نے مغربی ریاست راخائین میں ماؤنگداو میں 3 سرحدی چیک پوسٹوں پر حملہ کیا ۔
حکام کے مطابق حملے میں 9 پولیس اہلکار ہلاک اور 4 زخمی جبکہ ایک تاحال لاپتہ ہے۔ میانمار کے ایک مقامی عہدیدار ٹن ماونگ کا دعوی ہے کہ حملے میں 8 مسلح افراد بھی ہلاک ہوئے۔ انہوں نے حملہ آوروں کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کرنے کا دعوی کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حملہ آوروں کا تعلق روہنگیا سالیڈیرٹی آرگنائزیشن سے ہے۔ قابل ذکر ہے کہ یہ گروپ 1980 اور 1990 کی دہائی میں سرگرم تھا تاہم گزشتہ دو دہائیوں سے اس کا نام نہیں سنا گیا۔
واضح رہے کہ میانمار کی حکومت روہنگیا مسلمانوں کو میانمار کا شہری تسلیم کرنے کے لیے تیار نہیں ہے۔ میانمار میں 5 کروڑ 30 لاکھ آباد میں 13 لاکھ روہنگیا مسلمان ہیں۔
حالیہ کچھ برسوں میں روہنگیا مسلمانوں پر فوج اور انتہا پسند بدھسٹوں کے مظالم اور حملوں میں بہت زیادہ اضافہ ہوا ہے۔