الوقت - امریکا نے کہا ہے کہ اس کا پاکستان کو دہشت گردوں کی کفیل ریاست قرار دینے کوئی ارادہ نہیں ہے۔
امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان جان کربی نے نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ امریکا کو پورا بھروسہ ہے کہ پاکستان اپنے جوہری اثاثوں کی حفاظت کرسکتا ہے اور انہیں دہشت گردوں کے ہاتھ نہیں لگنے دے گا۔ جان کربی کا کہنا تھا کہ پاکستان کے پاس اپنے جوہری اثاثوں کے حوالے سے سیکیورٹی کنٹرول موجود ہے اور میں چاہوں گا کہ اس معاملے میں وہ خود بات کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکا جنوبی ایشیا سے دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہوں کے خاتمے کے لئے ممکن حد تک اسلام آباد کے ساتھ تعاون کرے گا۔ امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی جس طرح ہندوستانی شہریوں یا افغان شہریوں کے لیے خطرہ ہے بالکل اسی طرح پاکستانی شہریوں اور بچوں کے لیے بھی خطرہ ہے اور پاکستان نے اس چیلنج کو انتہائی سنجیدگی سے قبول کیا ہے ۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمیں کبھی بھی ایسا نہیں لگا کہ پاکستان اپنے شہریوں اور بچوں کی زندگیوں کو درپیش خطرات کے چیلنج کو سنجیدگی سے نہیں لیتا ۔