الوقت - کیریبین سی میں گزشتہ پچاس سال میں آئے سب سے خطرناک سمندری طوفان 'میتھیو' سے ہیٹی میں اب تک 877 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ اس خطرناک طوفان کے آنے کے بعد ساحلی شہر میں ریسکیو ٹیم پہنچ رہی ہے۔
ریسکو مہم میں مصروف حکومت، اقوام متحدہ اور دیگر بین الاقوامی امدادی اداروں کے نمائندوں اور ایمرجنسی عملے کے درمیان کئی ملاقاتیں ہوئیں۔ طوفان کے بعد اب تک تقریبا 61 ہزار افراد کو محفوظ مقامات پر پہنچایا گیا ہے۔ حکومت اور اقوام متحدہ کے امدادی کارکنوں نے بتایا کہ ابھی بھی تقریبا ساڑھے 3 لاکھ افراد کو فوری طور پر مدد کی ضرورت ہے۔
سڑکوں پر سیلاب کا پانی بھر جانے سے ملک کے کئی علاقوں سے رابطہ منقطع ہے اور طوفان کی وجہ سے مواصلاتی نظام بھی معطل ہو گیا ہے۔ کئی علاقوں میں فصلوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
چار امریکی شہری بھی طوفان سے ہلاک ہوئے ہیں۔ ہیٹی کے ہمسایہ ملک جمہوریہ ڈومنكا میں بھی اس طوفان کی زد میں آنے سے چار افراد ہلاک ہوگئے جبکہ کیوبا اور بہاماس میں اس سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔