الوقت - امریکی وزارت دفاع پینٹاگن نے ہندوستان اور پاکستان کے درمیان جاری کشیدگی پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا وہ دونوں ملک مذاکرات کے ذریعے اپنے تنازعات کو ختم کریں۔
ہندوستان اور پاکستان کے درمیان جاری کشیدگی کے بعد پینٹاگن کا یہ پہلا باضابطہ بیان ہے۔ وزارت دفاع کے ترجمان پیٹر کک نے نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم آگاہ ہیں کہ ہندوستانی اور پاکستان فوجیں ایک دوسرے کے رابطے میں ہیں اور ہم کشیدگی ختم کرنے کے لئے دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات جاری رکھنے کی اپیل کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم مذاکرات کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں اور چاہتے ہیں کہ مذاکرات کا سلسلہ جاری رہے۔ پیٹر کک نے کہا پینٹاگن سمیت امریکی حکومت کے متعدد ادارے دونوں ممالک کے رابطے میں ہیں۔
پیٹر کک نے مزید کہا کہ امریکی وزیر دفاع اور انتظامیہ کو یہ امید ہے کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کشیدگی کم کی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا میں بھی مذاکرات کے ذریعے دونوں ممالک کی تشویش کو دور کرنے کی کوشش کی جائے گی۔