الوقت - روس کی وزارت خارجہ کی ترجمان نے افغانستان اور شام میں امریکا کے جنگی طیاروں کی بمباری میں عام شہریوں کی ہلاکت پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زاخارووا نے ہفتے کو امریکی جنگی طیاروں کی بمباری میں عام شہریوں کی ہلاکت کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اب واشنگٹن کے حکام سے یہ پوچھا جانا چاہئے کہ کس کے مفاد میں افغان اور شامی فوجیوں کے ٹھکانوں پر بمباری کرتے ہیں ۔
زاخارووا نے کہا کہ امریکی جنگی طیاروں کی بمباری میں شام اور افغانستان میں عام شہریوں کی ہلاکت ناقابل قبول ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ بدھ کو افغانستان کے صوبہ ننگرہار میں امریکی جنگی طیاروں کے حملے میں 14 عام شہری جاں بحق ہو گئے تھے۔ اسی طرح 19 ستمبر کو امریکی ڈرون نے افغان فوجیوں کے ٹھکانے پر حملہ کر دیا تھا جس میں آٹھ افراد جاں بحق اور 28 دیگر زخمی ہوئے تھے۔
اس سے پہلے امریکی جنگی طیاروں نے شام کے دیرالزور میں شامی فوجیوں کے ٹھکانوں پر بمباری کر دی تھی جس میں 62 فوجی جاں بحق اور 100 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔