الوقت - پاکستان کے وزیر اعظم کے مشیر خارجہ سرتاج عزیز کا کہنا ہے کہ ہندوستان کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی کو پاکستان کے خلاف جنگ سمجھا جائے گا۔
سینیٹ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ ہندوستان انڈس واٹر ٹیرٹی دو ممالک کے درمیان سب سے زیادہ کامیاب سمجھوتہ سمجھا جاتا ہے، اس کی خلاف ورزی کو پاکستان کے خلاف جنگ یا دشمنی تصور کیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر ہندوستان، پاکستان کی طرف آنے والے پانی کو روکنے کی کوشش کرے گا تو نہ صرف سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی کرے گا بلکہ علاقائی ممالک کے لئے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کی ایک مثال قائم کرے گا، اس سے چین کے لئے ایک مثال قائم ہوگی کہ وہ دریائے برهم پتر کا پانی روک لے۔
واضح رہے کہ ہندوستانی میڈیا کے مطابق ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی نے پیر کو ہونے والے اجلاس میں فیصلہ کیا تھا کہ انڈس واٹر کمیشن کے مذاکرات کو اس وقت تک ملتوی کیا جائے جب تک پاکستان، ہندوستان میں مداخلت بند نہیں کر دیتا۔