الوقت - افغانستان میں افغان اور نیٹو کے فضائی حملے میں تحریک طالبان پاکستان کا سابق ترجمان اعظم طارق ہلاک ہو گیا۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق، پاکستانی سیکورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ افغانستان کے صوبہ پکتیکا کے لامان علاقے میں افغان اور نیٹو فورسز نے مشترکہ فضائی کاروائی کی جس میں ٹی ٹی پی کے تین سرغنہ ہلاک ہوگئے۔ ذرائع کے مطابق، اعظم طارق کے نام سے معروف 'رائس خان' ٹی ٹی پی کے خان سید گروپ کا ترجمان تھا جو گزشتہ روز اپنے بیٹے کے ہمراہ ایک فضائی حملے میں ہلاک ہوگیا۔
تحریک طالبان پاکستان کے خان سید سجنا گروپ کے مشیر ذیشان حیدر محسود نے اعظم طارق اور اس کے بیٹے کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔ مشیرکے مطابق صوبہ پکتیکا میں افغان سکیورٹی اہلکاروں سے مسلح مقابلے کے دوران اعظم طارق اور اس کا بیٹا سمیت 10 طالبان رہنما ہلاک ہوگئے ہیں۔ افغانستان کے سرکاری ذرائع نے اس کی تصدیق نہیں کی ہے۔
قابل ذکرہے کہ خان سید سجنا کراچی کے نیول بیس پر حملے میں بھی ملوث تھا جبکہ خان سید سجنا کو2012 میں خیبر پختونخوا کی بنوں جیل کو توڑ کر 400 قیدیوں کے فرار کا 'ماسٹر مائنڈ' بھی مانا جاتا ہے۔