الوقت - ایران کے خاتم الانبیاء ایئر ڈیفینس سینٹر کے کمانڈر نے بتایا ہے کہ امریکا کے ایک جاسوسی طیارے کو ایران کی فضائی حدود میں گھسنے سے روک دیا گیا۔
بریگیڈیئر فرزاد اسماعیلی نے بتایا کہ امریکا کی لاكهيڈ مارٹن کمپنی کا بنا ہوا طویل فاصلے کے پیشرفتہ یو -2 طیارے کو برسوں سے صرف امریکی فضائیہ ہی استعمال کر رہی ہے۔ یہ جاسوسی طیارہ 21 کلو میٹر کی بلندی پر مسلسل 12 گھنٹے پرواز کر سکتا ہے۔
بریگیڈیئر اسماعیلی نے ہفتہ دفاع مقدس کی یاد میں منعقد ایک پروگرام میں کہا کہ حالیہ دنوں میں امریکا کا ایک یو -2 جاسوس طیارہ ایران کی فضائی حدود میں گھسنا چاہتا تھا کہ ہم نے اسے وارننگ دی۔
انہوں نے کہا کہ دشمن ہمارے ہتھیاروں اور ساز و سامان سے نہیں ڈرتا بلکہ جس بات نے ہمارے دشمنوں کے دل میں خوف و دہشت ڈال رکھی ہے وہ ایرانی قوم اور شہداء کے اہل خانہ کا عزم اور فولادی ارادہ ہے۔