الوقت - ہندوستان کو دہشت گردوں سے زیادہ خطرہ نکسلیوں سے ہے۔ اب یہ بات ایک بین الاقوامی تحقیق میں بھی ثابت ہو گئی ہے۔ گزشتہ سال ہندوستان میں دہشت گردانہ حملوں میں 61 فیصد سے زیادہ لوگ نکسلی حملوں میں مارے گئے۔
یہ صرف ایک اعداد و شمار نہیں ہے۔ اس سے یہ بھی ثابت ہوتا ہے کہ نکسلی ہندوستان کے لئے کتنا زیادہ خطرناک ہیں۔ اس رپورٹ سے یہ بھی پتہ چلتا ہے کہ ہندوستان میں ماؤنوازوں کی تنظیم دنیا کی چوتھی سب سے خطرناک دہشت گرد تنظیم ہے۔
یہ رپورٹ امریکہ کی یونیورسٹی آف میری لینڈ کے ریسرچ اور ایجوکیشن سینٹر، START نے تیار کی ہے۔ یہ ریسرچ سینٹر امریکہ کی وزارت خارجہ کے ساتھ مل کر پوری دنیا میں دہشت گردی پر تحقیق کرتا ہے۔
اس رپورٹ کے مطابق 2015 میں پوری دنیا میں 28 ہزار 328 دہشت گردانہ حملے ہوئے، جن میں 35 ہزار 320 لوگوں نے جان گنوائی۔
دہشت گردانہ سرگرمیوں سے متاثر ممالک کی فہرست میں عراق، افغانستان اور پاکستان کے بعد ہندوستان چوتھے نمبر پر ہے۔
2015 میں ہندوستان میں مجموعی طور پر 791 دہشت گردانہ حملے ہوئے، جن میں 43 فیصد حملے نکسلیوں نے کئے۔
يہ رپورٹ بتاتی ہے کہ ہندوستان میں ماونوازوں کی تنظیم دنیا کی چوتھی سب سے خطرناک دہشت گرد تنظیم ہے۔
دنيا کی سب سے زیادہ خطرناک دہشت گرد تنظیموں کی فہرست میں طالبان سر فہرست ہے جس نے 2015 میں 1 ہزار 93 دہشت گردانہ حملے کئے۔ جن میں مجموعی طور پر 4 ہزار 512 لوگوں کی موت ہوئی۔
داعش، دنیا کا دوسرا سب سے خطرناک دہشت گرد گروہ ہے جس نے گزشتہ سال 931 حملوں کو انجام دیا اور ان حملوں میں 6 ہزار 50 افراد کی موت ہوئی۔
اس فہرست میں میں تیسرے نمبر پر بوکو حرم ہے، جس نے 2015 میں 491 دہشت گردانہ حملے کئے اور ان حملوں میں 5 ہزار 450 لوگوں کو ہلاک کر دیا۔
اس كے بعد چوتھے نمبر پر ہندوستان کے ماؤنواز ہیں جنہوں نے 2015 میں 343 حملے کئے اور ان حملوں میں 176 افراد ہلاک ہوئے جبکہ اس دوران ہندوستان میں ہوئے دہشت گردانہ حملوں میں 113 افراد ہلاک ہو گئے۔ یعنی دہشت گردانہ حملوں سے زیادہ لوگ نکسلی حملوں میں مارے گئے۔