الوقت - شام کی وزارت خارجہ نے اقوام متحدہ اور سیکورٹی کونسل کے سربراہان کے نام دو الگ الگ خط ارسال کرکے اپنے ملک کے شمالی علاقے پر ترکی کے حملے کی مذمت کی ہے۔
شامی وزارت خارجہ نے ان خطوط میں کہا ہے کہ شام کی خود مختاری کی خلاف ورزی اور اس ملک میں فوجی کارروائی، جنگی جرائم اور انسانیت کے خلاف جرم ہے۔ خطوط میں کہا گیا ہے کہ امریکا، برطانیہ، سعودی عرب اور قطر کی جانب سے ترکی کے فوجی حملے کی بھرپور حمایت، شام اور دنیا کے دیگر ممالک میں دہشت گردی کی کھلی حمایت کے مترادف ہے۔
شام کی حکومت نے یہ ردعمل ایسی صورت میں ظاہر ہے کہ جب الجزیرہ ٹی وی چینل نے بتایا ہے کہ فری سیرین آرمی کے دہشت گردوں نے ترکی کی فوج کی زمینی اور ہوائی مدد سے جرابلس شہر کے جنوب اور مغرب میں واقع 18 دیہاتوں پر قبضہ کر لیا ہے اور وہ منبج شہر کی جانب پیشرفت کر رہے ہیں۔
جرابلس شہر پر اس سے پہلے داعش کے دہشت گردوں کا قبضہ تھا اور منبج شہر کو کرد فورسز نے جنہیں داعش مخالف امریکی اتحاد کی حمایت حاصل ہے داعش کے دہشت گردوں سے آزاد کرا لیا ہے اور اس وقت یہ شہر ان کے کنٹرول میں ہے۔