الوقت - مقبوضہ فلسطین کے مغربی کنارے میں صیہونی فوجیوں نے ایک اور فلسطيني نوجوان کو گولی مار کر شہید کر دیا۔
فلسطینی ذرائع کے مطابق جمعہ کو صیہونی فوجیوں نے ایک فلسطيني نوجوان کو مغربی کنارے کے رام اللہ شہر کے شمال مشرق میں واقع سيلواد گاؤں میں گولی مار کر شہید کر دیا۔ اسرائیلی فوج کے ترجمان نے دعوی کیا ہے کہ شہید فلسطيني نوجوان کو اس وقت گولی ماری گئی جب وہ صیہونی فوج کی ایک چوکی کے قریب جانے کی کوشش کر رہا تھا۔
یاد رہے کہ سيلواد نامی گاؤں، غیر قانونی صیہونی كالوني عوفر کے قریب واقع ہے جہاں اسرائیلی فوج کا سخت پہرہ رہتا ہے۔ اس علاقے میں فلسطینیوں اور صیہونی فوجیوں کے درمیان زیادہ تر جھڑپیں ہوتی رہتی ہیں۔
دوسری جانب بیت لحم میں بھی اسرائیلی فوجیوں نے دو فلسطينيوں کو گولی مار کر زخمی کر دیا۔
در ایں اثنا صیہونی فوجیوں نے بیت لحم میں ہی فلسطيني قیدی معاذ صفی کے گھر پر بھی حملہ کر دیا اور ان کے گھر کی تلاشی لی اور ان کی ماں اور بہن کو گرفتار کر لیا جبکہ الخلیل میں بھی اسرائیلی فوجیوں نے ایک فلسطيني نوجوان کو گرفتار کیا ہے۔
غزہ سے موصولہ خبروں کے مطابق، صیہونی فوجیوں نے فلسطینی ماہی گیروں پر حملہ کرکے جنگ بندی کی خلاف ورزی کی ہے۔ اس دوران اسرائیلی فوجیوں نے ایک فلسطيني ماہی گیر کو گرفتار بھی کر لیا۔