الوقت - ایران میں روس کے سفیر نے کہا ہے کہ ممکن ہے، روسی جنگی طیارے مستقبل میں بھی شام میں دہشت گرد گروہوں کے ٹھکانوں پر حملوں کے لئے ایران سے پرواز کریں۔
پریس ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق، روسی سفیر لوین جاگارين نے کہا کہ شام میں دہشت گرد گروہوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کے لئے روس کے سامنے ہمدان ائیر بیس سمیت ایران کے انفراسٹرکچر کو استعمال کرنے میں کسی طرح کی کوئی رکاوٹ نہیں ہے۔ جاگارين نے مزید کہا کہ ماسکو کو امید ہے کہ روس اور ایران، شام میں امن کے قیام کے لئے باہمی تعاون میں اضافہ کرے گا۔ ایران میں روس کے سفیر کا کہنا تھا کہ شام کے بارے میں روسی اور ایرانی مواقف بہت ہی مثبت ہے۔
دریں اثنا، روسی وزارت دفاع کے ترجمان ایگور كونشنكوف نے بھی کہا ہے کہ ہمدان ائیر بیس سے شام میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر فضائی حملے، اس ملک کی صورت حال پر منحصر ہیں۔ پیر کو ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے کہا تھا کہ روس کی جانب سے ہمدان ائیر بیس کا استعمال ختم ہو چکا ہے۔ قاسمی کا کہنا تھا کہ روس کا نہ تو ایران میں کوئی فوجی اڈہ ہے اور نہ ہی اس نے کسی فوجی اڈہ قائم کیا ہے۔