الوقت - امریکا کے ميلواكي شہر میں ایک سیاہ فام نوجوان کی پولیس فائرنگ میں قتل کے بعد پر تشدد احتجاج میں 11 مظاہرین زخمی ہو گئے۔
ميلواكي پولیس کے سربراہ ایڈورڈ فلين نے بتایا ہے کہ مظاہرین کی جانب سے پھینکے گئے پتھروں اور اینٹوں سے سات پولیس اہلکار اور چار اعلی پولیس افسر زخمی ہو گئے۔ اطلاعات کے مطابق اس قتل کے بعد مسلسل دوسری رات لوگ ميلواكي کی سڑکوں پر اترے اور انہوں نے پرتشدد احتجاج جاری رکھا۔
پولیس نے بتایا ہے کہ بہت سے لوگوں کو بدامنی پھیلانے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے جبکہ قومی گارد کو تشدد روکنے کے لئے الرٹ کر دیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق دو سو سے زیادہ لوگ سڑکوں پر اتر آئے اور انہوں نے کئی ٹرینوں، گیس اسٹیشن اور ٹرینوں کے اسپیئر پارٹس کی دوکانوں کو آگ لگا دی۔ جولائی میں بھی امریکی پولیس کے ہاتھوں ڈلاس میں ایک سیاہ فام کے قتل کے بعد پر تشدد ردعمل سامنے آیا تھا جن میں پانچ پولیس اہلکار ہلاک ہو گئے تھے۔