الوقت - ترکی میں 15 جولائی کو ہوئی ناکام فوجی بغاوت کے بعد سے اس ملک کے 32 سفارتکار اب بھی لاپتہ ہیں۔
روئٹرز کے مطابق ترکی کے وزیر خارجہ چاووش اوغلو نے جمعے کو ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ ملک کے 32 سفارتکار ابھی تک لاپتہ ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ فوجی بغاوت کے بعد 208 سفارتکاروں کو ملک لوٹنے کا حکم دیا گیا تھا لیکن ان میں سے 32 واپس نہیں لوٹے۔ ان سفارتکاروں کے دوسرے ممالک میں فرار ہونے کی اطلاع ہے۔
واضح رہے کہ ناکام فوجی بغاوت کے بعد سے ترکی، 76100 سرکاری ملازمین کو معطل کر چکا ہے۔ اس مسئلے میں اب بھی 160 فوجیوں کی تلاش ہے جن میں سے 9 جنرل ہیں۔ فوجی بغاوت کے بعد وزارت خارجہ کے تین سو ملازمین اور دو سفیر بھی معطل کئے گئے ہیں۔ اسی درمیان ترکی کے حکام کا کہنا ہے کہ ناکام فوجی بغاوت کے حوالے سے 35022 افراد کو گرفتار کیا گیا تھا جن میں سے 11597 کو تو آزاد کر دیا گیا لیکن باقی لوگوں سے سخت تفتیش جاری ہے۔
قابل ذکر ہے کہ ترکی کا کہنا ہے کہ ملک میں ہوئی ناکام فوجی بغاوت میں امریکا میں جلاوطنی کی زندگی بسر کر رہے گولن کا ہاتھ ہے جبکہ گولن نے اس الزامات کی مخالفت کی ہے۔