الوقت - ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں آج 36 ویں دن بھی کرفیو جاری ہے۔ پارلیمنٹ سے لے کر تمام پارٹیوں کے لیڈر اس سے کافی تشویش میں مبتلا ہیں۔
کشمیر کے موجودہ حالات پر آج لوک سبھا نے قرار داد منظور کر تشدد اور مسلسل جاری کرفیو پر تشویش ظاہر کی ہے۔ دوسری طرف وزیر اعظم نریندر مودی نے تمام جماعتوں کے ساتھ ملاقات کی۔
آل پارٹیز اجلاس میں وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ سمیت تمام سیاسی جماعتوں کے رہنما موجود تھے۔ اجلاس آج دوپہر 12 بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں شروع ہوا۔
اجلاس میں کشمیر کی صورت حال کے بارے میں مختلف جماعتوں کے ساتھ تفصیل سے گفتگو کی گی۔
کشمیر کے حالات کا جائزہ لینے کے لئے کل جماعتی وفد کشمیر بھیجنے پر آج کی میٹنگ میں فیصلہ کیا گیا۔ کشمیر میں حالات کو معمول پر لانے کے لئے آگے کیا کیا جائے اس کو لے کر جماعتوں کی تجاویز پر بحث کی گئی۔
واضح رہے کہ ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں 8 جولائی کو حزب المجاہدین کے کمانڈر برہان وانی کی ایک جھڑپ میں ہلاکت کے بعد سے تشدد شروع ہوا تھا جس سے حالات خراب ہو گئے تھے۔ اس تشدد میں اب تک 50 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں اور کئی لوگ زخمی ہوئے ہیں۔