الوقت - ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکا کے موجودہ صدر باراک اوباما اور سابق وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن ہی دہشت گرد گروہ داعش کے بانی ہیں۔
امریکا کے صدارتی انتخابات میں ریپبلکن پارٹی کے امیدوار ٹرمپ کا کہنا ہے کہ باراک اوباما اور ہلیری کلنٹن نے مغربی ایشیا کے بارے میں ایسی پالیسیاں اختیار کیں جن کی وجہ دہشت گرد گروہ داعش وجود میں آیا۔
پریس ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ٹرمپ نے فلوریڈا کے فورٹ لاڈرڈیل کے باہر ایک انتخابی مہم کے دوران عوام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ بہت سے معاملات میں صدر اوباما کا احترام کرتے ہیں کیونکہ وہ داعش کے بانی ہیں۔ اس سے پہلے ٹرمپ کہہ چکے ہیں کہ ہلیری کلنٹن، داعش کی بانی شریک ہیں۔
ٹرمپ کافی عرصے سے کہتے آ رہے ہیں کہ اوباما اور ان کی سابق وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن نے مغربی ایشیا کے لئے ایسی پالیسیاں اختیار کی ہیں جن کی وجہ عراق کے اقتدار میں خلاء پیدا ہو گیا۔ اس خلاء سے سوء استفادہ کرتے ہوئے داعش وجود میں آیا۔ وائٹ ہاؤس نے ٹرمپ کے الزام پر تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا ہے۔