الوقت - عراق کے دار الحکومت بغداد میں میٹرنٹی ہسپتال میں آگ لگنے سے 11 نوزائیدہ بچے جاں بحق ہوگئے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی کے مطابق، یہ افسوس ناک واقعہ دارالحکومت بغداد کے یرموک ہسپتال میں پیش آیا۔ یہ عراق کا سب سے بڑا میٹرنٹی ہسپتال ہے۔ اس واقعے میں تین بچے پھیپھڑوں میں دھواں بھر جانے کی وجہ سے بے ہوش ہوگئے تھے تاہم انہیں زندہ بچا لیا گیا۔
عراقی وزارت صحت کے ترجمان نے بتایا کہ ہسپتال میں آگ شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لگی تھی اور ہسپتال میں دھواں بھر جانے کی وجہ سے 11 نوزائیدہ بچوں کا دم گھٹ گیا۔ ہسپتال کے ایک عہدیدار نے خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ ہسپتال میں موجود 29 مریضوں کو بحفاظت دوسرے ہسپتال منتقل کردیا گیا اور جو بچے ہلاک ہوئے وہ قبل از وقت پیدا ہوگئے تھے اور انہیں انکیوبیٹر پر رکھا گیا تھا۔