الوقت - اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے ایران میں کچھ دہشت گردوں کو پھانسی دیے جانے پر مغرب کے نظریات کو ایران کے داخلی مسائل میں مداخلت قرار دیا ہے۔
وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمي نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے دہشت گردوں اور دہشت گرد گروہوں کے خلاف جدوجہد میں ہمیشہ سنجیدگی کا مظاہرہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران دہشت گردی کی بھینٹ چڑھا ہے اس لئے وہ اپنے ملک کے عوام کی حفاظت میں کسی بھی قسم کی کوشش سے دریغ نہیں کرتا۔
وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ بڑے افسوس کی بات ہے کہ مغربی حکام ان دہشت گردوں کے جرائم پر توجہ دیئے بغیر انہیں پھانسی دیئے جانے کی مخالفت کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عدلیہ کے مطابق جن لوگوں کو پھانسی دی گئی ہے ان پر تکفیری دہشت گرد گروہوں کی تشکیل، ایران میں مسلح کارروائی، عام شہریوں کے قتل اور کچھ سنی مذہبی رہنماؤں سمیت کئی مذہبی رہنماؤں کا قتل، ہتھیاروں کی خریداری اور بہت شہروں میں بم نصب کرنے جیسے جرائم ثابت ہو چکے تھے۔
وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ اس بات پر زور دیتا ہے کہ مغربی ملک، دہشت گردی کے تناظر میں دوہرے رویے کے بجائے داعش اور دہشت گردی کی بیخ کنی کے لئے مشترکہ کوشش پر توجہ دیں۔