الوقت - نائیجیریا میں سرگرم تکفیری دہشت گرد گروہ بوکو حرام کے سربراہ نے کہا ہے کہ داعش کی جانب سے بوکو حرام کے نئے سرغنہ کی تقرری اسے کسی بھی حالت میں قابل قبول نہیں ہے۔
کانو سے فرانس پریس کے مطابق، بوکو حرام کے سرغنہ ابوبكر شیكاو نے جمعرات کو ایک آڈیو پیغام میں، خود کو مغربی افریقہ میں بوکو حرام کا سربراہ بتاتے ہوئے کہا ہے کہ داعش کی جانب سے اس گروہ کے کسی رکن کو وہ سرغنہ کے طور پر قبول نہیں کریں گے۔
ابوبكر شیكاو 2009 سے بوکو حرام کا سرغنہ ہے۔ اس کا کہنا ہے کہ اسے داعش نے دھوکہ دیا ہے۔ یہ بات ابوبکر شیكاو نے نئے سرغنہ کہے جانے والے ابو مصعب برناوی کے بیان کے جواب میں کہی۔ دہشت گرد گروہ بوکو حرام نے مارچ 2015 میں داعش کی بیعت کا اعلان کیا تھا۔
ابھی حال ہی میں بوکو حرام کے سرغنہ ابو بکر شیكاو کی موت کی افواہ پھیلی ہوئی تھی۔ نائیجیریا کی فوج بھی کئی بار شیكاو کی موت کی اطلاع دے چکی ہے۔
واضح رہے کہ داعش نے بوکو حرام کے لئے ابوبكر شیكا کی جگہ ابو مصعب برناوی کو سربراہ مقرر کیا ہے۔