الوقت - روس نے امریکا کو شام میں دہشت گرد گروہوں کا سرپرست قرار دیا ہے۔
ارنا کے مطابق، جمعرات کو روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زاخارووا نے امریکا کے حمایت یافتہ دہشت گرد گروہوں کے ہاتھوں عام شامی شہریوں کے قتل عام کو خوفناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ ایسے مجرموں کی حمایت کر رہا ہے جو شامی عوام کا قتل عام کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ امریکا اور اس کے اتحادی شام میں بچوں اور عورتوں کے قاتلوں کی حمایت کر رہے ہیں، اگرچہ ہر دن ان قاتلوں کے جرم بڑھتے ہی جا رہے ہیں۔
روسی وزارت خارجہ کی ترجمان نے بتایا کہ امریکا کے حمایت یافتہ دہشت گردوں نے شام کے حلب شہر پر کیمیائی ہتھیار سے حملے کئے ہیں۔
واضح رہے 2 اگست 2016 کو حلب شہر کے پرانے حصے پر دہشت گردوں نے زہریلی گیس سے ملے گولے فائر کئے جس میں 5 افراد ہلاک اور 9 زخمی ہوئے۔
حلب اور اس کے رہائشی علاقوں پر مغرب کے حمایت یافتہ دہشت گرد تقریبا ہر روز راکٹ مارتے ہیں۔ ان حملوں میں عام شہری مارے جاتے ہیں۔