الوقت - ترک حکومت نے جمہوریت کا ساتھ دینے اور بغاوت کی کوشش کی مذمت پر اسلام آباد حکومت کا شکریہ ادا کیا ہے۔
ترک وزیر خارجہ مولود چاووش اوغلو نے اسلام آباد میں پاکستان کے وزیراعظم کے خارجہ امور کے مشیر کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم ترکی میں بغاوت کی ناکام کوشش اور جمہوریت کی حمایت کے حوالے سے پارلیمنٹ میں قرار داد منظور کرنے پر پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ 'دہشتگرد تنظیم فتح اللہ' کے خلاف کارروائی میں ترکی کو پاکستان کا بھرپور تعاون حاصل ہے اور ترکی فتح اللہ گولن کو بغاوت کی کوشش کا ذمہ دار سمجھتا ہے۔ ترک وزیر خارجہ نے کہا کہ فتح اللہ تنظیم کی پاکستان اور دیگر ممالک میں موجودگی کسی سی ڈھکی چھپی نہیں اور اس حوالے سے ہمیں پاکستان کا مکمل تعاون حاصل ہے۔
مولود چاووش اوغلو نے کہا کہ اس طرح کی تنظمیں جس ملک میں بھی موجود ہیں اس کی سلامتی اور استحکام کیلئے خطرہ ہیں۔ اس پریس کانفرنس میں سرتاج عزیز نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے تعلقات خطے میں امن اور استحکام کی ضمانت ہیں۔
انہوں نے کہا کہ افغانستان میں قیام امن کے حوالے سے دونوں ملکوں کے خیالات یکساں ہیں اور پاکستان اور ترکی دہشت گردی کا مل کر مقابلہ کرتے رہیں گے۔