الوقت - فلسطینی تنظیم پی ایل او کے سینئر لیڈر نے کہا ہے کہ دہشت گردی کا خاتمہ، فلسطین پر اسرائیل کے غیر قانونی قبضے کو ختم کئے بغیر ممکن نہیں ہے۔
پی ایل او کے سینئر رکن اور فلسطینی مذاکرات کار صائب عریقات نے فرانس کے دارالحکومت پیرس میں کہا ہے کہ امریکا کا کہنا ہے کہ وہ دہشت گردی کے خلاف جدوجہد کر رہا ہے لیکن اسے جان لینا چاہئے کہ جب تک فلسطین پر اسرائیل کا ناجائز قبضہ باقی رہے گا، دہشت گردی کے خلاف اس کی مہم کامیاب نہیں ہو گی۔
عریقات نے کہا کہ دہشت گردی کا خاتمہ، تمام دنیا والوں کی خواہش ہے لیکن مقبوضہ فلسطین پر اسرائیل کے قبضے اور اس کی جانب سے دہشت گردی کی حمایت کو نظر انداز نہیں کرنا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ دو خود مختار ریاستوں کے قیام کے تجویز اور 1967 کی سرحدوں کے ساتھ فلسطینی ریاست کے قیام کے تناظر میں ہم عالمی برادری کی جانب سے لاپرواہی دیکھ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ فلسطین پر غیر قانونی قبضہ ہے اسی لئے ہم اپنے دوستوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ جلد از جلد خود مختار فلسطینی ملک کو باضابطہ طور پر قبول کریں۔