الوقت - اقوام متحدہ میں شام کے سفیر بشار جعفری نے پیر کو سلامتی کونسل کے اجلاس میں دہشت گردی سے مقابلے کے سلسلے میں مغرب کی دوغلی پالیسی کی تنقید کی اور کہا کہ یورپی حکومتوں نے جن دہشت گردوں کو شام بھیجا آج وہی دہشت گرد ان ممالک کے لئے عدم تحفظ کا سبب بن گئے ہیں۔
بشار جعفری نے زور دے کر کہا کہ کچھ یہ چاہتے ہیں کہ شامی قوم کے سامنے دو تلخ آپشن رکھ دیں کہ شام میں دہشت گردانہ کاروائیاں جاری رہیں یا شام تشدد اور افراتفری سے گھرا رہے۔
اقوام متحدہ میں شام کے سفیر نے کہا کہ شامی عوام کے دكھ و الم کا خاتمہ دسیوں اجلاسوں کے انعقاد اور بیانات جاری کرنے سے ممکن نہیں ہے بلکہ سنجیدہ طریقہ سے دہشت گردی کا مقابلہ کیا جانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ شام میں انسانی بحران کا سبب دہشت گردی، محاصرے اور یک طرفہ اقتصادی پابندی ہے۔ اس بنیاد پر سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد کرکے اور شامی حکومت کے مکمل تعاون اور ہر طرح کے دوہرے معیار سے پرہیز کر اس بحران کو حل کیا جا سکتا ہے۔
اقوام متحدہ میں شام کے سفیر نے زور دے کر کہا کہ قطر، ترکی، سعودی عرب اور دہشت گرد گروہوں کی حمایت کرنے والی حکومتوں کو چاہیے کہ وہ ان دھڑوں کی حمایت کرنا بند کریں اور اسی طرح ان ممالک کو چاہیے کہ وہ شام میں دہشت گرد گروہوں کی کارروائیوں کو قانونی شکل دینے سے باز آجائیں۔