الوقت - ہندوستان کے وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے پاکستان پر کشمیر میں کشیدگی کو ہوا دینے کا الزام عائد کیا ہے۔
انہوں نے ہندوستانی پارلیمنٹ کے ایوان زیریں لوک سبھا میں کشمیر میں کشیدگی کے حوالے سے بحث کے دوران یہ بات کہی۔ انہوں نے لوک سبھا میں اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان کشمیر میں مظاہروں کو ہوا دے رہا ہے اور اپنے داخلی معاملات درست کرنے کے بجائے پاکستان، ہندوستان کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ راج ناتھ سنگھ نے الزام عائد کیا کہ 'ہندوستان میں جو بھی دہشت گردی ہورہی ہے وہ پاکستان کی وجہ سے ہے کیوں کہ وہ دہشت گردی کی معاونت کرتا ہے۔
ہندوستان کے وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ وہ مذہب کے نام پر ہندوستان سے علیحدہ ہوئے لیکن آج وہ دہشت گردوں کی وجہ سے دو حصوں میں تقسیم ہوچکے ہیں، ہر روز وہ دہشت گردوں سے لڑتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے پڑوسی ملک کے جو بھی 'ناپاک' عزائم ہیں انہیں کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔
راج ناتھ سنگھ نے اپنی حوصلہ افزائی ہونے پر پاکستان کے خلاف مزید کہا کہ 'پاکستان دہشت گردوں کو شہید کہتا ہے اور یوم سیاہ مناتا ہے جو افسوس ناک ہے'۔
راج ناتھ سنگھ نے کشمیر کی صورتحال کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ سکیورٹی فورسز کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ مظاہرین سے نبرد آزما ہوتے ہوئے حد درجہ تحمل اور برداشت سے کام لیں۔ ہندوستان کے وزیر داخلہ نے کہا کہ سکیورٹی فورسز کی جانب سے مظاہرین پر چھروں کے استعمال کا جائزہ لینے کے لئے ماہرین پر مشتمل کمیٹی بھی قائم کی جائے گی۔
واضح رہے کہ ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں مظاہروں اور فوج سے جھڑپوں میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 46 تک پہنچ چکی ہے جس میں زیادہ تعداد نوجوانوں کی ہے جبکہ 2 ہزار سے زائد عام شہری اور 1600 فوجی اہلکار زخمی بھی ہوئے ہیں۔