الوقت - اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر داخلہ نے اعلان کیا ہے کہ ملک کے مشرقی حصے میں ایک دہشت گرد پکڑا گیا ہے۔
عبد الرضا رحمانی فضلي نے جمعرات کو تہران میں ایک اجلاس کے دوران بتایا کہ دو روز قبل مشرقی ایران میں 4 میٹر طویل اور 20 میٹر گہری سرنگ کا پتہ چلا ہے۔ اس سرنگ کے ذریعے ایک دہشت گرد تنظیم حملہ کرنے کا منصوبہ بنا رہی تھی۔
وزیر داخلہ نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے کارروائی کرکے اس حوالے سے 40 افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ انہوں نے اس بارے میں مزید تفصیلات بتانے سے انکار کر دیا۔
قابل ذکر ہے کہ ابھی حال ہی میں ایران کے خفیہ محکمہ نے داعش کے اس منصوبے کو مکمل ناکام بنا دیا تھا جس کے تحت وہ دارالحکومت تہران کے 50 علاقوں میں دھماکے کرنا چاہتے تھے۔
ایران میں گرفتار کئے گئے داعش کے ان دہشت گردوں نے اعتراف کیا تھا کہ ان کو دارالحکومت تہران میں 50 مقامات پر بم دھماکے کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی تھی۔
ایران کی خفیہ ایجنسی نے ان دہشت گردوں کو وقت سے پہلے ہی گرفتار لیا تھا جنہوں نے اعتراف کیا تھا کہ وہ تہران میں کئی بڑے دہشت گرد حملے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔
یہ دہشت گرد تہران کے پر ہجوم علاقوں میں ریموٹ کنٹرول سے بم دھماکے اور ساتھ ہی اسکولوں، ہسپتالوں، شاپنگ مال، میٹرو اسٹیشنوں اور بازار کو نشانہ بنانا چاہتے تھے لیکن وقت رہتے ہی ایران کے خفیہ محکمہ کے اہلکاروں نے انہیں گرفتار کر لیا تھا۔