الوقت - دنیا کے زیادہ تر ٹی وی چینلز اور ذرائع ابلاغ نے عالمی یوم قدس کی ریلیوں کو کوریج دی ہے اور اس سے پتہ چلتا ہے کہ ع رائے عامہ میں صیہونی حکومت ہمیشہ کے لئے قابل مذمت رہی ہے۔
امریکہ کے اے بی سی نیوز چینل نے اس سلسلے میں ایک رپورٹ جاری کی اور کہا کہ ایرانی عوام نے عالمی یوم قدس کی ریلیوں میں شرکت کرکے امریکہ مردہ باد اور اسرائیل مردہ باد کے فلک شگاف نعرے لگائے اور اسرائیل کے غاصبانہ قبضے کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔
لبنان کے العہد ٹی وی چینل نے بھی پورے ایران میں عالمی یوم قدس کی وسیع ریلیوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے لکھا کہ اس ریلی کا نعرہ تھا، امت مسلمہ کا اتحاد، فلسطینیوں کے انتفاضہ کی حمایت اور صیہونی حکومت سے بے زاری۔
عراق کے سومريا نیوز چینل نے بھی عالمی یوم قدس کی ریلیوں کو کوریج دیتے ہوئے رپورٹ دی کہ شدید گرمی کے باوجود لاکھوں کی تعداد میں ایرانی سڑکوں پر نکلے اور انہوں نے فلسطینی قوم کے خلاف جرم کرنے والوں کی سخت الفاظ میں مذمت کی اور مزاحمت کے محاذ کے خلاف ہو رہی سازشوں کو ناکام بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
اسرائیلی اخبار ہارٹض نے بھی دیگر اسرائیلی ذرائع ابلاغ کی مانند ایران میں عالمی یوم قدس کی ریلیوں کو کوریج دی۔ روئٹرز نے بھی عالمی یوم قدس کی ریلیوں میں صدر روحانی کی موجودگی پر رپورٹ پیش کی کہ جس میں انہوں نے صیہونی حکومت کو امریکہ اور عالمی سامراج کی ایک چھاؤنی قرار دیا۔
روئٹرز نے رپورٹ دی کہ ریلیوں میں شرکت کرنے والوں نے اسرائیل کی جانب سے فلسطینیوں کی سرزمین کے غاصبانہ قبضے کی مذمت کی اور امریکہ مردہ باد اور اسرائیل مردہ باد کے فلک شگاف نعرے لگائے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی نے بھی رپورٹ میں کہا کہ ایک بار پھر ایرانی عوام نے عالمی یوم قدس کے دن سڑکوں پر نکل کر تاریخ رقم کی۔