الوقت - حزب اللہ لبنان کے سکریٹری جنرل نے کہا ہے کہ عالمی یوم قدس کے اعلان کا مقصد، بیت المقدس کی یاد کو باقی رکھنا اور اس کے سلسلے میں مسلمانوں کی ذمہ داریوں کو یاد دلاتے رہنا ہے۔
سید حسن نصراللہ نے جمعے کی شام عالمی یوم قدس کے موقع پر اپنے ایک بیان میں کہا کہ یہ دن تاریخ رقم کرنے اور اسرائیل کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کا ہے اور امام خمینی نے رمضان کے آخری جمعہ کو اس لئے عالمی یوم قدس کا نام دیا تھا تاکہ مسئلہ فلسطین، ہمیشہ زندہ رہے اور اس کو فراموش نہ کیا جا سکے۔ لبنان کے المنار ٹی وی سے نشر ہونے والے اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ فلسطین، بحیرہ روم سے لے کر دریا اردن تک مقبوضہ زمین ہے اور وقت گزرنے سے غاصب و چور صیہونی حکومت کو کوئی قانونی حیثیت نہیں ملے گی۔
حزب اللہ لبنان کے سکریٹری جنرل نے کہا کہ غاصب صیہونی حکومت کو ختم ہونا چاہئے، اس سر زمین کے حقیقی مالکان یعنی فلسطینیوں کو ان کا حق ملنا چاہیے اور ایک شخص کو بھی اس حکومت کے سامنے گھٹنے نہیں ٹیکنا چاہئے۔ سید حسن نصراللہ نے صیہونی حکومت کے ساتھ ہر قسم کی سازش کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینی قوم اور علاقائی قوموں کے سامنے واحد راستہ یہ ہے کہ وہ اسرائیل کے سامنے مزاحمت کریں۔ انہوں نے علاقے کے بعض ممالک کی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان ممالک نے غاصب صیہونی حکومت کو باضابطہ طور پر قبول کر لیا ہے بلکہ کچھ تو اس حکومت کے حق میں مزاحمت کے مخالف ہو گئے ہیں۔ سید حسن نصراللہ نے کہا کہ اسرائیل کو کسی بھی طور پر قبول کرنا جائز نہیں ہے۔