الوقت - ہندوستان اور پاکستان میں عالمی یوم قدس اور اتحاد بین المسلمین کانفرنس منعقد ہوئی۔
ہندوستان کے دارالحکومت نئی دہلی میں عالمی یوم قدس اور مسلمانوں کے درمیان اتحاد کے عنوان کے تحت کانفرنس منعقد ہوئی جس میں مختلف مذاہب کے دانشوروں اور علماء کرام نے شرکت کی۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق، اس کانفرنس میں شیعہ، سنی اور ہندو مقررین نے دنیا کے حریت پسندوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مظلوم فلسطینیوں عوام پر صیہونی حکومت کے جرائم اور مظالم کے سلسلے میں رد عمل کا اظہار کریں۔
نئی دہلی میں ایرانی کلچرل اٹیچی علی دهقاني نے اس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اسلامی ممالک کے اتحاد کو عالم اسلام کی اہم ضرورت قرار دیا اور کہا کہ اسلامی دنیا کی بہت سی موجودہ مسائل، مسلمانوں کے درمیان اختلافات کا نتیجہ ہیں۔
دوسری جانب پاکستان کی سیاسی و مذہبی جماعتوں کے سربراہوں نے یوم قدس کانفرنس میں ظلم کا شکار فلسطینی عوام کی حمایت کا اعلان کیا۔ پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں عالمی یوم قدس کے موقع پر مختلف پروگرام منعقد کئے جا رہے ہیں جن میں شیعہ اور سنی علماء نے شرکت کی ہے۔ اس موقع پر ہونے والی قدس کانفرنس میں مقررین نے ظلم کا شکار فلسطینی عوام کی حمایت میں غاصب صیہونی حکومت کا مقابلہ کرنے کے لئے مسلمانوں کے اتحاد و یکجہتی پر زور دیا۔ مقررین نے اسی طرح فلسطین عوام کے حقوق کی واپسی کے لئے اسلامی ممالک کے درمیان پہلے سے زیادہ اتحاد و یکجہتی کا مطالبہ کیا۔