الوقت - جمعۃالوداع کے موقع پر گزشتہ کئی سال سے یوم القدس منایا جاتا ہے۔ اس روحانی موقع پر مسلمان عالم فرض و نفل عبادتوں کے بعد دعاؤں میں فلسطینی مسلمانوں کو بھی یاد کرتے ہیں ۔ اس موقع پر قبلۂ اول مسجد اقصی کی بازیابی اور فلسطینی مظلومین کے حق میں دعائیں کی جاتی ہیں۔ یاد رہے کہ گزشتہ 4 دہائیوں سے دنیا بھر میں مسجد اقصی اور فلسطین کے لئے جمعۃ الوداع کے موقع پر یوم قدس منایا جاتا ہے۔
اس دن نماز جمعہ میں جہاں قبلۂ اول اور فلسطینی مسلمانوں کے لئے خصوصی دعائیں کی جاتی ہیں وہیں بعد از نماز کئی ممالک کے شہری صیہونی جارحیت کے خلاف ریلیاں نکالتے ہیں۔ یکم جولائی کو بھی ایران، متحدہ عرب امارات اور مشرق وسطی کے دیگر ممالک کے ساتھ ساتھ ہندوستان، پاکستان، جرمنی،امریکہ، برطانیہ سمیت کئی ممالک میں صیہونی مظالم اور قبضہ کے خلاف مظاہرے کئے جا رہے ہیں۔
مسجد اقصی میں سخت سیکوریٹی
عالمی یوم قدس کے موقع پر مسجد الاقصی پر پہرے بیٹھا دئے گئے۔ اطلاعات کے مطابق صیہونی حکومت نے مسجد اقصی کو فلسطینی نمازیوں کے لئے بند کردیا ہے۔ ’قدسنا‘ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق جمعۃ الوداع اور یوم القدس کے مظاہروں سے ہراساں ہوکر صیہونی فوجیوں نے ماہ مبارک رمضان کے اختتام تک مسجد اقصی پر کڑے پہرے بٹھا دئے ہیں۔ صیہونی فوجیوں نے مسجد اقصی میں فلسطینی روزہ داروں کو اعتکاف سے بھی روک دیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ یوم القدس کے موقع پر مسجد الاقصی سمیت مسلمانوں کے دیگر مقدس مقامات پر صیہونیوں کے حملوں میں شدت آگئی ہے۔صیہونی آباد کاراپنے فوجیوں کی مدد سے مسجد الاقصی اور فلسطینی نوجوانوں کو آئے دن اپنی جارحیت کا نشانہ بناتے رہتے ہیں۔