الوقت - ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں بحرین کے بزرگ عالم دین آیت شیخ عیسی قاسم سے اظہار یکجہتی کرنے کے لئے مظاہرہ کیا گیا۔
امام خمینی میموریل ٹرسٹ کرگل کے زیر اہتمام بحرین کے ممتاز عالم دین آیۃ اللہ عیسیٰ قاسم کی شہریت منسوخ کرنے جیسے دیگر جابرانہ اقدامات کے خلاف صداے احتجاج بلند کرنے کے لئے عوام نے پر جوش جلوس نکالا جس کی قیادت کرگل کے نامور و بااثر عالم دین اور چیرمین نگران کونسل آئی کے ایم ٹی شیخ محمد محقق کر رہے تھے۔ جلوس بعد از نماز ظہرین جامع مسجد سے نکالا گیا۔ جلوس میں ہزوارں کی تعداد میں روزہ داران موجود تھے جن کے ہاتھوں میں ایسے بینر اور پلے کارڈ تھے جن پر آل خلیفہ ، امریکا ، اسرایل اور آل سعود کے خلاف لکھے ہوے تھے۔ مظاہرین کے ہاتھوں میں ایسے بینر تھے جن پر امریکا مردہ باد ، اسرایل مردہ باد، آل سعود مردہ باد، آل خلیفہ مردہ باد، بحرین کے مظلوموں ہم تمہارے ساتھ ہیں جیسے نعرے لکھے ہوئےتھے۔ مظاہرین آیۃ اللہ عیسی ٰقاسم زندہ باد، شیخ علی سلمان کو آزاد کرو جیسے فلک شگاف نعرے لگاتے ہوے بازاروں سے ہوتے ہوئے اسلامیہ اسکو ل سے لال چوک پہنچے جہاں پر احتجاجی جلسہ کا آغاز جناب شیخ غلام حسنین رضوانی نے تلاوت کلام پاک سے کیا اور اسکے بعد وائس چیرمین امور مذہبی مولانا غلام عباس کراروی نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بحرین کی آل خلیفہ کی حکومت کے تمام تر اختیارات آل سعود کے توسط سے امریکا اور اسرایل کے ہاتھوں میں ہیں جوکہ مشرقی ممالک خصوصاً اسلامی ممالک کا واضح دشمن ہے ۔ آل خلیفہ حکومت کی جانب سے آیۃ اللہ شیخ عیسیٰ قاسم کی شہریت منسوخ کرنے کی اصلی وجہ یہ ہے کہ آیۃ اللہ قاسم بحرینی مظلوموں کو بیدار کر رہے تھے اور اپنے ملک کی حفاظت کرنے کی تعلیم دے رہے تھے ۔ ان کا کہنا تھا کہ اپنے ملک بحرین کو امریکا اور آل سعود کی بربریت سے نجات دلانے کی تلقین کر رہے تھے ۔ آل خلیفہ حکومت نے اس سے پہلے شیخ علی سلمان کو بھی بے جرم و خطا زندان میں ڈال دیا ہے جس کی مدت قید میں توسیع کرکے نو سال کر دیا ہے ۔
مولانا کراروی نے حقوق انسان کے علمبردادروں سے بحرین میں ہورہے غیر انسانی اقدامات کی طرف توجہ دینے پر زور دیا اور حکومت ہند سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ سفارتی طریقہ سے بحرینی حکومت کو اس طرح کے غیر قانونی اور غیر انسانی اقدامات سے باز رہنے کی ہدایت دے کر اپنی جمہوریت کا بھر پور ثبوت دے ۔ اس کے بعد امام خمینی میموریل ٹرسٹ کے چیرمین شیخ محمد حسین لطفی نے جلسے سے خطاب کرتے ہوے آیۃ اللہ مظلوم شیخ عیسیٰ قاسم کی مختصر سوانح حیات پر روشنی ڈالی۔ شیخ لطفی نے آل خلیفہ کی اس ناجائز حرکت کو آل سعود کی بوکھلاہٹ سے تعبیر کرتے ہوے کہا کہ آج آل سعود یمن اور دیگر جگہوں میں اپنے ناپاک عزایم میں شکست کھا گیا اسی لئے وہ بحرین میں اپنے پٹھو آل خلیفہ کے ذریعہ سے مظلوم بحرینوں کے حامی شیخ عیسیٰ قاسم کی شہریت کو ختم کروانے کی سازش کر رہا ہے لہذا ہم اقوام متحدہ کی سیکورٹی کونسل اور انسانی حقوق کے علمبرداروں سے اپیل کرتے ہیں کہ آل خلیفہ کی اس ناپاک سازش کو روکنے کے اقدامات کرے۔ (بشکریہ سبط محمد حسن)