الوقت - عراق کے وزیر اعظم صوبہ الانبار کے فلوجہ شہر پہنچ گئے ہیں اور انہوں نے ملک کے تمام لوگوں سے کہا ہے کہ وہ داعش کے چنگل سے اس شہر کی آزادی کا جشن منائیں۔
حیدر العبادی عراقی فورسز کے ہاتھوں اتوار کو فلوجہ شہر کی مکمل آزادی کے بعد اس شہر میں پہنچے۔ انہوں نے فلوجہ ہسپتال کے سامنے عراقی فورسز کے درمیان تقریر کرتے ہوئے کہا کہ میں عراق کے تمام لوگوں سے، چاہے وہ جہاں بھی ہوں، یہ چاہتا ہوں کہ وہ سڑکوں پر نکل آئیں اور جشن منائیں۔ سرکاری ٹی وی سے براہ راست نشر ہونے والے اپنے خطاب میں عراقی وزیر اعظم نے کہا کہ ملک میں داعش کے لئے کوئی جگہ نہیں ہے۔ انہوں نے اسی طرح اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ کچھ سیاست داں اشتعال انگیز بیان دے رہے ہیں، کہا کہ ہم کسی بھی صورت میں اس بات کی اجازت نہیں دیں گے کہ سیاسی داعش، آزاد ہونے والے علاقوں میں گھس جائے۔
فلوجہ کی آزادی کی مہم کے کمانڈر عبد الوہاب ساعدی نے اتوار کو فلوجہ کی مکمل آزادی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہم یہاں فلوجہ کے مرکز جولان سے اعلان کرتے ہیں کہ یہ شہر داعش کے دہشت گردوں سے پوری طرح آزاد ہو گیا ہے اور عراقی عوام کو اس کی خوشخبری دیتے ہیں کہ فلوجہ کی لڑائی ختم ہو گئی ہے۔ واضح رہے کہ داعش سے فلوجہ کی آزادی کی مہم 23 مئی کو وزیر اعظم حیدر العبادی کے حکم پر شروع کیا گئی تھی۔ اس مہم میں عراقی فوج، پولیس، انسداد دہشت گردی فورس، قبائلی فورس اور رضاکار فورس کے 22 ہزار جوانوں نے شرکت کی۔