چین کے جيانگسو صوبے میں شدید طوفان اور بارش کی وجہ سے کم از کم 78 افراد ہلاک ہو گئے جبکہ 500 سے زائد افراد زخمی ہو گئے اور املاک کو بھاری نقصان ہوا ہے۔ يانچینگ شہر کی انتظامیہ کے مطابق شہر میں بارش، ژالہ باری اور طوفان سے کافی نقصان ہوا ہے۔ کئی مکانات تباہ ہو گئے ہیں۔
شہر کی انتظامیہ نے ایک بیان میں کہا کہ شہر کے فونگ اور شےيانگ کاؤنٹی سے خراب موسم کی خبر موصول ہوئي ہے۔ فونگ میں 125 کلومیٹر کی رفتار سے جبکہ شےيانگ میں 100 کلومیٹر کی رفتار سے ہوا چلی جس کے نتیجے میں، بہت سے مکان تباہ ہو گئے، 51 لوگ ہلاک ہو گئے اور کئی دیگر زخمی ہو گئے۔ کچھ علاقوں میں بجلی میں خلل اور مواصلات میں رکاوٹ پیدا ہونے کی خبر ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق، بڑے بڑے درخت اکھڑ گئے اور کئی کئی گاؤں مکمل طور زمین دوز ہو گئے۔
شین ہوا کے مطابق، لوگوں کو ان کے مکانوں کے ملبے سے نکالا گیا اور ہسپتال پہنچایا گیا۔ شہر کی انتظامیہ کے اہلکار اور ملازم متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور ریلیف کے کام میں مصروف ہیں۔
کل شہری امور کی وزارت نے بتایا تھا کہ چین کے صوبائی سطحی علاقوں میں گزشتہ پانچ دنوں میں شدید بارش سے 42 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ 25 دیگر لاپتہ ہیں۔