الوقت - پاکستان کے صنعتی اور تجارتی شہر کراچی میں دہشت گردانہ حملے میں معروف قوال امجد صابری شہید ہوگئے۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق، پولیس کے مطابق معروف امجد صابری اپنے ساتھی کے ہمراہ گاڑی میں جارہے تھے تبھی لیاقت آباد نمبر 10 کے علاقے میں موٹر سائیکل سوار تکفیری دہشت گردوں نے ان کی گاڑی پر فائرنگ کر دی۔
فائرنگ کی وجہ سے گاڑی میں سوار دونوں افراد شدید زخمی ہوگئے جنہیں عباسی شہید ہسپتال لے جایا جا رہا تھا لیکن امجد صابری زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے راستے میں شہید ہوگئے۔ پولیس حکام کا کہنا تھا کہ حملہ آور فائرنگ کے بعد حسن اسکوائر کی جانب فرار ہو گئے۔
امجد صابری کی شہادت کے بعد مختلف سیاسی رہنماؤں اور فنکاروں سمیت متعدد افراد کی جانب حملے کی مذمت کا سلسلہ جاری ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان نعیم الحق نے امجد صابری کی شہادت پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کہ اب وقت آگیا ہے کہ کراچی میں دہشت گردوں کے خلاف عبرتناک اقدامات کیے جائیں۔
متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما اور کراچی کے نامزد میئر وسیم اختر نے کہا کہ کراچی میں کسی کی جان و مال محفوظ نہیں اور حکومت، کراچی میں امن وامان پر قابو پانے میں ناکام ہوچکی ہے۔