الوقت - روس کے صدر نے کہا ہے کہ ایران کو یوریشیا یونین کی ترقی میں فعال کردار ادا کرنا چاہیے۔
ولادیمير پوتين نے سینٹ پيٹرزبرگ انٹرنیشنل اكانومک فورم کی کانفرنس کی افتتاحی تقریب میں اپنی تقریر میں کہا کہ ایران کو بھی یوریشیا اقتصادی یونین کی ترقی میں شرکت کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں یوریشیا اقتصادی یونین کی ترقی کے لئے ایران، چین اور ہندوستان جیسے مختلف ممالک کے قریبی تعاون کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ تقریبا 40 ممالک اور بین الاقوامی اداروں نے یوریشیا اقتصادی یونین سے تعاون کے لئے اپنی آمادگی کا کا اعلان کیا ہے۔
روس کے صدر نے کہا کہ یوریشیا اقتصادی یونین، یورپی یونین کے ساتھ تعاون میں دلچسپی رکھتی ہے اور اس سلسلے میں مختلف سطحوں پر تجارت اور سرمایہ کاری کے لئے ماہرین کے سطح کے مذاکرات شروع کئے جا سکتے ہیں۔ روس، بیلاروس، قزاقستان، قرقزستان اور آرمینیا، یوریشیا اقتصادی یونین کے رکن ممالک ہیں۔ اس یونین کی کانفرنس جمعرات کو روس کے سینٹ پيٹرزبرگ میں دنیا کے مختلف ممالک اور بین الاقوامی تنظیموں کی شمولیت سے شروع ہوئي تھی اور جمعہ کو ختم ہو گئی۔