الوقت - عراق کے وزیر اعظم حیدر العبادي بدھ کی رات فلوجہ کے اندر پہنچ گئے۔
العالم ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق حیدر العبادي فلوجہ شہر کی آزادی کی مہم میں فرنٹ لائن پر لڑنے والوں کی حوصلہ افزائی کے لئے فلوجہ کے حی الشہداء علاقے میں پہنچ گئے۔
یہ علاقہ، عراقی رضاکار فورس اور دہشت گرد گروپ داعش کے درمیان ہونے والی شدید جھڑپوں کے بعد آزاد ہو گیا ہے اور اس وقت اس پر عراقی فوج کا کنٹرول ہے۔
عراق کے وزیر اعظم کے دفتر نے فلوجہ کی آزادی کی مہم میں فرنٹ لائن پر لڑنے والوں کے ساتھ حیدر العبادي کی کئی تصاویر جاری کی ہیں۔
واضح رہے کہ فلوجا کی آزادی کی مہم حیدر العبادي کے حکم پر شروع ہوئی ہے اور اب اس کے قریبی تمام علاقے آزاد ہو چکے ہیں اور داعش کے دہشت گرد شہر کے اندر مکمل طور پر عراقی فورسز کے محاصرے میں ہیں۔ رضا کارفورس کا کہنا ہے کہ فلوجہ میں داعش کی طرف سے عام شہریوں کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کئے جانے کی وجہ سے اس شہر کو دہشت گردوں کے وجود سے پاک کرنے کے عمل میں تاخیر ہو رہی ہے۔