الوقت - ہندوستان اور قطر نے سات اہم معاہدوں پر دستخط کئے ہیں ۔
ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی نے اتوار کو قطر کے حکمران، تمیم بن حمد آل ثانی سے ملاقات کی۔ اس دوران دونوں ممالک کے درمیان سات اہم معاہدوں پر دستخط کئے گئے۔
ہندوستانی وزارت خارجہ کے ترجمان وکاس سوروپ نے ایک ٹویٹ میں ان معاہدوں کی اطلاع دی۔ جن اہم مسائل پر ہندوستان اور قطر کے درمیان معاہدے ہوئے ان میں اسکل ڈولپمیٹ، صحت اور سیاحت سے وابستہ معاہدے شامل ہیں۔
نریندر مودی نے اتوار کو اس سے پہلے قطر کے اہم تاجروں سے ملاقات کی اور انہیں ہندوستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی تھی۔ انہوں نے وہاں تاجروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان مواقع کی سر زمین ہے۔ ہم یہاں پر آپ کو مدعو کرنے آئے ہیں کہ آپ اس موقع کا پورا فائدہ اٹھایئے۔
واضح رہے کہ نریندر مودی کے اس دورے سے پہلے سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ نے 2008 میں قطر کا دورہ کیا تھا۔
دوسری جانب قطر میں کم از کم 200 ایسے ہندوستانی مزدور ہیں جن کے پاس اب کھانے کے لئے پیسے نہیں بچے ہیں۔
ان کو گزشتہ 5 مہینے سے کمپنی نے تنخواہ نہیں دی ہے۔ ان لوگوں کا کہنا ہے کہ 5 ماہ سے تنخواہ نہ ملنے کی وجہ سے ان کے پاس کھانے تک کے لئے پیسے نہیں بچے ہیں۔ اب یہ لوگ بھوکے پیاسے دن کاٹ رہے ہیں۔
قطر میں پھنسے ہوئے ایک مزدور نے بتایا ہے کہ ہمارے پاس کھانے پینے تک کے لئے پیسہ نہیں ہے۔ اس نے کہا کہ ہماری کمپنی نے ہمیں گزشتہ 5 مہینے سے تنخواہ نہیں دیا ہے جس کی وجہ سے ہم اپنے گھر بھی کچھ نہیں بھیج پا رہے ہیں۔ اس شخص نے بتایا کہ جب ہم نے اپنی کمپنی سے کہا کہ اگر آپ تنخواہ نہیں دے رہے ہیں تو کم از کم ہمیں اپنے ملک واپس جانے دیجئے۔ اس پر قطر کی کمپنی کا کہنا تھا کہ تم لوگ اپنے ٹکٹ خرید کرلاو تو ہم تم کو تمہارے ملک واپس جانے کی اجازت دے دیں گے۔
ان مزدوروں کا کہنا ہے کہ قطر میں واقع ہندوستانی سفارت خانہ بھی ہماری کوئی مدد نہیں کر رہا ہے۔ دوحہ سے 70 کلومیٹر دور کیمپ میں پھنسے ہندوستانیوں نے بتایا کہ وہ بغیر کسی سہارے قطر میں پڑے ہیں۔ یہ ہندوستانی مزدور قطر کے دورے پر گئے ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات نہیں کر سکے۔