الوقت - افغانستان کے صوبہ ہلمند میں جاری جھڑپوں میں 50 سے زائد افغان پولیس اہلکار کے ہلاک ہونے کی اطلاع ہے۔
موصولہ خبروں کے مطابق، مقامی پولیس کمانڈر عصمت اللہ دولت زئی نے روئٹرز کو بتایا کہ یہ جھڑپیں کئی دنوں سے جاری ہیں جس میں اتوار کو 33 اور پیر کے روز 24 پولیس اہلکار ہلاک ہوئے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان جھڑپوں میں 40 سے زائد پولیس اہلکار زخمی بھی ہوئے ہیں۔ ایک پولیس اہلکار نے اپنا نام خفیہ رکھنے کی شرط پر بتایا کہ حالیہ جھڑپوں میں پولس اور فوج کی تقریبا 22 چیک پوسٹوں پر طالبان کا قبضہ ہو گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جھڑپیں صوبہ ہلمند کے دار الحکومت لشکر گاہ کے شمالی اور مغربی علاقوں میں جاری ہیں۔ افغان فوج کا اس سلسلے میں کوئي بیان سامنے نہیں آیا ہے۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ انھوں نے اتوار کے روز رات بھر شہر کے قریب گولہ باری اور مشین گنوں کے فائر کی آوازیں سنیں۔ صوبہ ہلمند کے گورنر کے ترجمان عمر زواک کا کہنا ہے کہ علاقے پر دوبارہ قبضے کے لئے افغان حکام کوشش کر رہے ہیں۔