الوقت - ہندوستان میں پاکستان کے ہائی کمشنر عبدالباسط نے آج کہا کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان مسائل کا حل جنگ نہیں ہے اور صرف بیوقوف لوگ ہی اس پر متبادل کے طور پر غور کر سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ دو دن پہلے ہی پاکستانی ایٹمی سائنسدان عبد القدیر خان نے بیان دیا تھا کہ ان کا ملک 5 منٹ میں نئی دہلی پر حملہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ باسط نے یہ بھی کہا کہ پاکستان بات چیت کے ذریعے ہندوستان کے ساتھ تمام مسائل کو حل کرنا چاہتا ہے اور دونوں پڑوسیوں کو نتیجہ خیز مذاکرات کرنے چاہئے۔
انہوں نے ایک گفتگو کے دوران کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان جنگ کوئی حل نہیں ہے۔ صرف احمق لوگ جنگ کو مسائل کا حل سمجھ سکتے ہیں۔ پاکستان کے جوہری ٹیسٹ کے 18 سال پورے ہونے کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ہفتے کو اسلام آباد میں عبد القدیر خان نے کہا تھا کہ ان کے ملک میں ہندوستان کے دارالحکومت کو 5 منٹ میں نشانہ بنانے کی صلاحیت ہے۔ خان کے بیان پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے اسٹریٹجک امور کے بہت سے ماہرین نے کہا تھا کہ ہندوستان کے پاس پورے پاکستان کو نشانہ بنانے کی صلاحیت ہے لیکن جوہری ہتھیار جنگی ہتھیار نہیں ہے، بلکہ وہ حفاظت کے لئے بنائے جاتے ہیں۔
ہندوستان اور پاکستان کے درمیان جامع تعلقات پر گفتگو کرتے ہوئے عبد الباسط نے کہا ہم امید کرتے ہیں کہ مذاکرات کا عمل پھر شروع ہوگا کیونکہ ہمارے تمام مسائل بات چیت سے ہی حل ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پٹھان کوٹ حملے کے پانچ ماہ ہو گئے ہیں لیکن ہندوستان اور پاکستان کے درمیان مذاکرات کا عمل دوبارہ شروع نہیں ہوا ہے۔ پٹھان کوٹ حملے کی تحقیقات پر پاکستانی ہائی کمشنر نے کہا کہ ان کی حکومت حملے کی تحقیقات میں ہندوستان سے تعاون کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم پٹھان کوٹ پر تعاون کر رہے ہیں۔ ہمیں امید ہے کہ ہم واقعے کی جڑ تک پہنچنے کے قابل ہوں گے۔ 'ہندوستان اور پاکستان کے درمیان اچھے تعلقات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے پاکستانی ہائی کمشنر نے کہا کہ دونوں ممالک کو تجارتی تعلقات بڑھانے پر توجہ دینی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مختلف چیلنجوں سےمقابلہ کر رہا ہے اور ان سے نمٹنے کی پوری کوشش کر رہا ہے۔