الوقت - ایران اور افغانستان کے صدور نے تہران اور کابل کے تعلقات میں توسیع اور انہیں مضبوط بنانے پر زور دیا ہے۔
پیر کو تہران میں صدر اشرف غنی کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے صدر حسن روحانی نے کہا کہ افغانستان کا امن و استحکام، ایران کے لئے بہت اہم ہے۔ ڈاکٹر حسن روحانی نے دونوں ممالک کے درمیان قدیمی تاریخی ، مذہبی اور ثقافتی تعلقات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ تہران، افغانستان میں امن و استحکام کے لئے کابل حکومت کے ساتھ ہر ممکن تعاون کے لئے آمادہ ہے۔
انہوں نے ایران، ہندوستان اور افغانستان کے درمیان ہونے والے چابہار ٹرانزٹ اور ٹریڈ معاہدے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اس معاہدے سے پورے خطے کی توسیع کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔
صدر روحانی نے افغانستان میں ہونے والے حالیہ دہشت گردانہ حملوں پر افسوس ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان سمیت دنیا میں کہیں بھی کسی معصوم کا قتل، ایران کے لئے افسوس کا سبب ہے۔
اس موقع پر افغان صدر نے کابل- تہران تعلقات میں توسیع پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کا ملک ایران کے ساتھ تمام شعبوں میں تعلقات کی توسیع کا خواہاں ہے۔
افغان صدر اشرف غنی نے ایران، ہندوستان اور افغانستان کے درمیان چابہار معاہدے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے اسے علاقائی ترقی و پیشرفت کی راہ میں اہم قدم قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ چابهار ٹرانزٹ روٹ کے، علاقائی تعاون اور توسیع پر گہرے اثرات مرتب ہوں گے۔