الوقت - عالمی سطح پر خواتین اور مردوں کی تنخواہوں میں فرق پر جاری بحث کے درمیان ایک نئی رپورٹ سے ظاہر ہوتا ہے کہ ہندوستان میں یہ فرق 27 فیصد تک ہے جہاں مردوں کی اوسط مجموعی تنخواہ 288.68 روپے فی گھنٹہ ہے جبکہ خواتین کی آمدنی 207.85 روپے فی گھنٹہ تک ہے۔
آن لائن کیریئر نامی ایک ادارے کی ایک رپورٹ کے مطابق انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں اوسطا سب سے زیادہ 337.3 روپے فی گھنٹہ تنخواہ ملتی ہے۔
انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں خواتین اور مرد ملازمین کی تنخواہوں میں فاصلہ سب سے زیادہ 34 فیصد ہے۔ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں مرد 360.9 روپے فی گھنٹہ کماتے ہیں جبکہ خواتین کی آمدنی 239.6 روپے فی گھنٹہ ہے۔ مختلف شعبوں کے تجزیہ سے واضح ہے کہ خواتین - مرد تنخواہ میں سب سے زیادہ فرق مینوفیکچرنگ کے شعبے میں34.9 فیصد ہے اور سب سے کم بینک، فائننس اور انشورنس کے شعبے میں ہیں۔ نقل و حمل، لاجسٹكس، مواصلات میں یہ فاصلہ یکساں طور پر17.7 فیصد ہے۔
رپورٹ کے مطابق تنخواہ میں فرق کی وجوہات میں ایک یہ ہو سکتی ہے کہ خواتین ملازمین کے مقابلے مردوں کو زیادہ ترجیح دی جاتی ہے۔ اس کے علاوہ نگرانی والے عہدوں کے لئے مرد ملازمین کو پرموشن ملتا ہے۔ دوسری طرف بچوں کی پرورش کی وجہ سے خواتین کی طرف سے نوکری سے چھٹی لینا اور دیگر سماجی اور ثقافتی عناصر کا کردار ہو سکتا ہے۔