الوقت - افغانستان میں تیل ٹینکر اور بسوں کے تصادم میں کم از کم 73 افراد زندہ جل کر راکھ ہو گئے۔
يه حادثہ افغانستان کے صوبہ غزنی میں اتوار کو پیش آیا۔ غزنی کے پولیس سربراہ کا کہنا ہے کہ دو بسوں اور ایک تیل کے ٹینکر کے درمیان یہ تصادم سامنے سے ہوا جس کے بعد زوردار دھماکہ ہوا۔ صوبہ غزنی کے گورنر کے ترجمان جاوید سولانگي نے بتایا کہ دو بسیں کابل سے قندھار کی طرف جا رہی تھیں تبھی یہ مخالف سمت سے آ رہے ایندھن سے بھرے ٹینکر سے ٹکرا گئیں۔ تصادم کے بعد ہی تینوں گاڑیوں میں آگ لگ گئی۔ دونوں بسوں میں مجموعی طور پر 125 مسافر سوار تھے۔ اس حادثے کو افغانستان کے سب سے بڑے حادثوں میں سے ایک قرار دیا جا رہا ہے۔ اس دردناک واقعہ کے عینی شاہدین نے بتایا کہ غزنی میں ہوئے اس واقعے میں عورتوں اور بچوں سمیت 73 افراد زندہ جل گئے۔ لاشیں اتنی زیادہ جل چکی تھیں کہ ان کی شناخت کرنا بہت مشکل ہے۔ اس کے علاوہ زخمیوں کی حالت بھی بہت خطرناک بتائی جا رہی ہے۔
زیادہ تر زخمیوں کو قندھار شہر اورغزنی کے ہسپتالوں میں داخل کرایا گیا ہے۔