الوقت - بین الاقوامی امور میں رہبر انقلاب اسلامی کے مشیر نے کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران پوری طاقت و توانائی سے علاقے میں دہشت گردوں کا مقابلہ کرے گا۔
علی اکبر ولایتی نے پیر کو دمشق میں شام کے صدر بشار اسد سے ملاقات میں کہا کہ شامی قوم اور حکومت کی استقامت و مزاحمت سے دہشت گرد پسپائی پر مجبور ہوئے جو دمشق تک پہنچ چکے تھے۔
انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران ہر طرح کے دہشت گرد گروہوں کا مقابلہ کرے گا چاہے وہ کسی بھی رجحانات کے ہوں یا معتدل اور انتہا پسندی جیسی مضحکہ خیز درجہ بندی سے ان کا تعلق ہو۔
ڈاکٹر ولایتی نے کہا کہ دہشت گردوں سے جنگ نہ صرف علاقے بلکہ دنیا کی امن و سلامتی کے لئے ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ مزاحمت، عالمی امن و سلامتی کے لئے ڈٹا ہوا ہے۔
صدر بشار اسد نے ایران کی جانب سے شامی قوم اور حکومت کی حمایت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے اب تک علاقے میں تکفیری و شدت پسند نظریات کا مقابلہ کرنے اور دہشت گردوں سے نمٹنے کے لئے پورے وسائل کا استعمال کیا ہے۔
واضح رہے کہ ڈاکٹر علی اکبر ولایتی لبنان کا دورہ مکمل کرنے کے بعد جمعہ کی رات دمشق پہنچے۔