الوقت - لبنان کی اسلامی مزاحمتی تحریک حزب اللہ اور تکفیری دہشت گردوں کے درمیان قلمون کے علاقے میں شدید جھڑپیں ہوئی ہیں۔
العالم ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق، حزب اللہ اور نصرۃ فرنٹ اور احرارالشام کے دہشت گردوں کے درمیان جمعرات کو قلمون کے علاقے کی پہاڑیوں پر شدید جھڑپیں ہوئیں۔ ان جھڑپوں کے دوران کم از کم 6 دہشت گرد ہلاک ہو گئے جبکہ کئی دیگر زخمی ہو گئے۔ اس سے پہلے بھی اس علاقے میں حزب اللہ نے کئی تکفیری دہشت گردوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا تھا۔
قلمون کا علاقے لبنان سے ملنے والی شام کی سرحد پر واقع ہے۔ یہ وہ علاقہ ہے جہاں سے دہشت گرد لبنان میں در اندازی کرتے ہیں ۔ گزشتہ دو برسوں کے دوران حزب اللہ نے اس علاقے میں بہت سے دہشت گردوں کو جھڑپوں میں ہلاک کیا ہے۔ اس علاقے میں حزب اللہ نے تکفیری دہشت گردوں کو شدید نقصان پہنچایا ہے جس کی وجہ سے ان دہشت گردوں کی حمایت کرنے والے ملک، حزب اللہ سے بہت ناراض ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ دو برسوں کے دوران شام کا سرحدی علاقہ قلمون اور لبنان کے سرحدی علاقے عرسال، تکفیری دہشت گردوں اور لبنان کی اسلامی مزاحمتی تحریک حزب اللہ کے درمیان جھڑپوں کا مرکز رہے ہیں جس میں حزب اللہ نے دہشت گردوں کو بری طرح شکست دی ہے۔