الوقت - جدید اسپین کی تاریخ میں پہلی مرتبہ سرکاری سطح پر مسلم بچوں کے لئے اسلامیات کی کلاس متعارف کرانے کا اعلان کیا گیا ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق، میڈرڈ حکومت سرکاری اسکولوں میں مسلم بچوں کے لئے اسلامیات کی کلاس متعارف کرا رہی ہے جس پر جلد ہی عمل در آمد شروع ہوکا۔ ابتدائی طور پر اسلامیات کا نصاب پرائمری اور مڈل کی سطح کے اسکولوں میں پڑھایا جائے گا ۔ اس اقدام کا مقصد مسلم بچوں کو اسلام کی حقیقی تعلیمات سے روشناس کرانا ہے۔
نصاب میں تفسیر قرآن کریم، تاریخ اسلام، احادیث نبوی اور اسلامی عقائد شامل ہوں گے۔ اس سلسلے میں اسپین کی حکومت نے ملک میں 3 سے 18 سال کے تین لاکھ مسلم طلباء و طالبات کے لئے اضافی بجث مختص کیا ہے۔
خیال رہے کہ اسپین میں سرگرمسلم تنظیمیں طویل عرصے سے اسکولوں میں اسلامیات کا نصاب پڑھانے کا مطالبہ کر رہی ہیں۔ خاص طور پر اسکولوں میں جہاں مسلم بچوں کی بڑی تعداد زیر تعلیم ہے۔
ہسپانوی حکام کے مطابق نصاب میں اسلامیات کو شامل کرنے سے شدت پسندی کو شکست دینے میں مدد ملے گی اور نئی نسل حقیقی اسلام سے واقف ہوگی۔